11 مئی 2015 - 05:41
عراقی کردستان: داعش کا خطرہ بدستور موجود

عراقی کردستان کے رہنما مسعود بارزانی نے کہا ہے کہ داعش گروہ کے کمزور ہوجانے کے باوجود عراقی کردستان کے لئے اس دہشتگرد گروہ کا خطرہ، ختم نہیں ہوا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی کردستان کے سربراہ مسعود بارزانی نے امریکہ میں اپنے قیام کے دوران ریاست ورجینیا میں مقیم کردوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش گروہ کے کمزور ہوجانے کے باوجود عراقی کردستان سے اس دہشتگرد گروہ کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے- انھوں نے کہا کہ کرد پیشمرگہ ملیشیا کی جانب سے کردستان کا ابھی کچھ علاقہ آزاد کرانا باقی ہے-

مسعود بارزانی نے کہا کہ داعش دہشتگرد گروہ کا مقابلہ کئے جانے کے دوران کرد پیشمرگہ ملیشیا کے تقریبا بارہ سو افراد مارے گئے ہیں جبکہ کرد پیشمرگہ ملیشیا نے داعش دہشتگرد گروہ کے گیارہ ہزار افراد کو ہلاک کیا ہے- مسعود بارزانی نے عراقی کرد پیشمرگہ مرگہ ملیشیا کو ہتھیار فراہم کرنے کے امریکی وعدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ امریکہ نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ کرد پیشمرگہ ملیشیا کو ہتھیار فراہم کئے جائیں گے- انھوں نے کہا کہ یہ ہتھیار، اگر بروقت مل جاتے تو یقینا پیشمرگہ ملیشیا کو اتنا جانی نقصان برداشت نہیں کرنا پڑتا-

مسعود بارزانی نے موصل کو آزاد کرائے جانے کی کاروائی میں پیشمرگہ ملیشیا کی شمولیت سے متعلق کہا کہ کرد پیشمرگہ ملیشیا، موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرے گی اور اس نے بغداد اور اربیل میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور کارروائی کے آغاز کے لئے ضروری اقدامات پر غور کیا جارہا ہے-

.....

/169